خبرنامہ پاکستان

عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنیکا حکم

اسلام آباد(ملت آن لائن)انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے 2014 میں دھرنے کے دوران پاکستان ٹیلی وژن اور پارلیمنٹ ہاؤس حملہ، کار سرکار میں مداخلت اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو زخمی کرنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سمیت 70 افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے دونوں رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی قرقی کے لئے متعلقہ تھانوں اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کردیے جب کہ دونوں رہنماؤں کو اشتہاری ملزمان بھی قرار دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ دونوں کی جائیداد کی تفصیلات جمع کی جائیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے ایس ایچ اور سیکرٹریٹ کو حکم دیا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی تمام جائیداد سے متعلق تفصیلات جمع کی جائیں۔ دونوں اشتہاری ملزمان کی تفصیلات مسلسل عدم حاضری پر طلب کی گئی ہیں۔ عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو اور مزید تین گواہان کو بھی طلبی کے سمن جاری کر دئیے۔ مزید سماعت 20 جولائی کو ہو گی۔