اسلام آباد:(اے پی پی)عمران فاروق قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کو شواہد کے حصول کیلئے سری لنکا اور برطانیہ جانے کی اجازت مل گئی ہے۔ ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ ڈائریکڑ جنرل ایف آئی اے اکبر ہوتی نے عمران فاروق قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کی درخواست پر بیرون ممالک جانے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے ، تفتیشی ٹیم جلد سری لنکا اور برطانیہ کے دورے کرے گی ۔ مقدمے کا چالان مکمل کرنے کےلیے مطلوبہ شواہد حاصل کرے گی ، عمران فاروق قتل کے گرفتار تین ملزمان اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد شمیم اور محسن علی اپنے اقبالی بیانات بھی قلمبند کروا چکے ہیں ، مقدمے میں گرفتار تیسرا ملزم معظم علی بھی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے ۔