خبرنامہ پاکستان

عمران لندن میں بھی رو پڑے: پرویز رشید

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیراطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ لندن میئر کے الیکشن میں پاکستانی نژاد صادق خان کی کامیابی نے برطانیہ میں بھی رو عمران رو کی آواز بلند کر دی ، زیک گولڈ سمتھ کی شکست نے عمران خان کی بیرون ملک مقبولیت کے خود ساختہ دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا ،عوام نے لندن میں بھی عمران خان کی جھوٹی سیاست کو زمیں بوس کر دیا۔پرویز رشید نے لندن میئر کا انتخاب جیتنے پر پاکستانی نژاد صادق خان کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ صادق خان کی کامیابی اور زیک گولڈسمتھ کی شکست نے لندن میں بھی رو عمران رو کی آواز بلند کر دی۔ عمران خان اپنے پور ے خاندان کے ہمراہ ایک پاکستانی نژاد امیدوار کیخلاف انتخابی مہم چلا رہے تھے، لیکن لندن کے عوام نے بھی ان کی جھوٹ کی سیاست کو زمین بوس کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ لندن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک پاکستانی نژاد کی جیت تمام پاکستانیوں کیلئے باعث مسرت ہے۔ ایک محنت کش کے بیٹے کی لندن میں سیاسی فتح پر ہر محنت کش کا سرفخر سے بلند ہو گیا۔ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ زیک گولڈ سمتھ کی شکست اور صادق خان کی جیت نے عوام کا موڈ واضح کر دیا ، عمران خان اور انکے رشتہ داروں کی سیاست کو لندن کے عوام نے بھی مسترد کر دیا ، زیک گولڈ سمتھ کی شکست نے عمران خان کی بیرون ملک مقبولیت کے خودساختہ دعوے کا بھی بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ہونے والے انتخابات میں پاکستانی نڑاد شہری صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے اور انھوں نے عمران خان کے سابق برادر نسبتی اور جمائما خان کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کو شکست سے دوچار کیا۔