خبرنامہ پاکستان

عمران نے کہا 90 دن کا جوڈیشل مارشل لاء لگے گا

لاہور: (ملت+اے پی پی) سرد دسمبر میں بھی گرمیٔ سیاست کم نہ ہوئی۔ جاوید ہاشمی نے اس حدت کو دوچند کر دیا۔ بزرگ سیاستدان نے سنسنی خیز دعوے کر دیئے، کہتے ہیں عمران خان پارلیمنٹ پر حملہ کرنا چاہتے تھے، چیف جسٹس سے انڈر سٹیڈنگ تھی، جنرل طارق سے مل کر سب کچھ کرنا تھا۔ سینئر سیاست دان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود ان سے کہا کہ نوے روز کا جوڈیشل مارشل لاء لگے گا اور الیکشن ہونگے اور ان کی پارٹی اقتدار میں آ جائے گی۔ عارف علوی، شفقت محمود اور شیریں مزاری نے کہا کام خراب ہو گیا، 90 روز کا مارشل لاء لگے گا، ہماری جماعت اقتدار میں آ جائے گی۔ جاوید ہاشمی کے مطابق، انہیں یہ تمام باتیں عمران خان نے خود بتائیں، کہتے ہیں پی ٹی آئی چیئرمین کے سامنے کلام پاک پر ہاتھ رکھ کر بات کرنے کو تیار ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چودھری جاوید ہاشمی کے الزامات کی تردید کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سطح پر ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔ پی پی رہنماء قمر زمان کائرہ نے جاوید ہاشمی کی گواہی کو بہت بڑی بات قرار دیا۔