خبرنامہ پاکستان

عمران پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، نعیم الحق

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے وضاحت کی ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے الزامات پر کسی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ناجائز طورپر حکومتی وسائل استعمال کررہے ہیں، ملک میں کٹھ پتلی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے خیبر پختونخوا حکومت کمزور کرنے کی بھی سازشيں شروع کردی ہیں، کل تک ن لیگ کی سازشوں کی تمام تفصیلات پیش کردیں گے، مسلم لیگ ن ہمارے خلاف سازشوں سے باز رہے۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیس میں ن لیگ کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی، ن لیگ کی کوشش ہے عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کو بدنام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تمام احکامات نوازشریف سے لے رہے ہیں، پاکستان میں کٹھ پتلی حکومت نے جنم لے لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف واضح ثبوت ہیں کہ انہوں نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے جھوٹ بولا اور حقائق چھپائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ سازشوں سے باز رہے اور لوگوں کو خریدنے کی کوششیں نہ کرے، میں عائشہ گلالئی کے تمام الزامات کو رد کرتا ہوں۔