خبرنامہ پاکستان

عمران کا دھرنا ایسا راستہ اختیار نہ کرجائے کہ جس میں جانیں جانے کا خطرہ ہو: خورشید شاہ

حیدر آباد(ملت + آئی این پی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا دھرنا کہیں ایسا راستہ اختیانہ کرجائے کہ جس میں انسانی جانیں جانے کا خطرہ ہو، سسٹم کو خطرہ محسوس کر رہا ہوں ، آرمی چیف کے معاملے پر وزیراعظم نے تاخیر کی ہے ، انہیں یہ معاملہ 15روز پہلے یہ حل کر لینا چاہیے تھا۔ یہ بات انہوں نے حیدر آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنما سید نویدقمر سے قمرالزمان شاہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ احتجاج اس سے پہلے بھی ہوتے رہے ہیں لیکن حکومت کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ احتجاج کہیں ایسا راستہ اختیار نہ کر جائے جس میں انسانی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہو، امید کرتا ہوں کہ عمران خان بھی کارکنوں کو اس جانب نہیں دھکیلیں گے جس میں جانی نقصان کا اندیشہ ہو، اگر ایسا ہوا تو اس کی زیادہ ذمہ داری عمران خان پر عائد ہو گی ۔