خبرنامہ پاکستان

عمران کے خلاف تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں: نعیم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمانعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس کے معاملے پر تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، امید ہے کہ 10 جنوری آخری تاریخ ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فیصلہ سنا دینا چاہئے تھا تاہم 10 جنوری کی تاریخ دیدی گئی ہے، امید کرتے ہیں کہ یہ آخری تاریخ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری دلائل مکمل کر چکے تھے اور گزشتہ روز طے ہوا تھا کہ اکرم شیخ کے دلائل کے بعد پی ٹی آئی مزید دلائل نہیں دے گی لیکن اکرم شیخ نے پھر بیماری کا بہانہ بنایا اور کہا کہ وہ کچھ دستاویزات بھی پیش کرنا چاہتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے بھی کہا کہ آپ اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور قوم کے سامنے بھی جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ ان کے احکامات پر ہی تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔