خبرنامہ پاکستان

عوامی تحریک آج پانچ شہروں میں دھرنا دینے کے لیے تیار

لاہور: (اے پی پی) پاکستان عوامی تحریک آج پانچ مختلف شہروں میں دھرنا دے گی ، لاہور میں پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جائے گی ۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے دیے جانے والے دھرنے سے طاہر القادری ٹیلیفونک خطاب کریں گے جبکہ کراچی میں تبت سنٹر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا ۔ لاہور میں پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جائے گی جہاں ریلی کے شرکا دھرنا دیں گے ۔ شرکا سے عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری ٹیلیفونک خطاب کریں گے ۔ کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد کریں گے ۔ شرکا تبت سینٹر پہنچ کر دھرنا دیں گے ۔ اسلام آباد میں آبپارہ سنٹر میں دیے جانے والے دھرنا کی قیادت خواجہ عامر فرید کوریجہ کریں گے ۔ فیصل آباد میں اسٹیشن چوک سے چوک کچہری بازار تک ریلی قیادت بشارت جسپال جبکہ گوجرانوالہ میں لاری اڈا سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت ساجد محمود بھٹی کریں گے ۔ ادھر عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا ہے ایسی جمہوریت کا کیا فائدہ جس میں وزیر اعظم جواب دہ نہ ہو ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود معید پیرزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے حکومت مخالف تحریک کا شیڈول بتایا اور تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی حمایت کا دعویٰ بھی دہرایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست کے دھرنے میں نہ صرف پی ٹی آئی شریک ہو گی بلکہ پی پی پی بھی دھرنے میں شریک ہو گی۔ عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی جیتے پاپولر کے بجائے مکینکل ووٹوں سے جیتے۔ طاہر القادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد کا دھرنا کارکنوں کو تازہ دم کرنے کیلئے ختم کیا تھا، اب نئے ولولے سے میدان میں آئیں گے ۔