خبرنامہ پاکستان

عوام نئے پاکستان کے پرانے نعروں سے مایوس ہیں: بلاول بھٹو

(ن) لیگ ہو

سرگودھا: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام نئے پاکستان کے پرانے نعروں سے مایوس ہیں، حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر ڈرامہ بازی کرتی رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران سرگودھا کی عوام نے بڑی محبت دی، پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت مسلط کی گئی ہے، خان صاحب نے حکومت سے پہلے بلند و بانگ دعوے کیے تھے، خان صاحب کے حکومت میں آتے ہی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان کے عوام نئے پاکستان کے پرانے نعروں سے مایوس ہیں، گیس کی نئی قیمتوں سے غریبوں پر بوجھ بڑھے گا۔ حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر ڈرامہ بازی کرتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور سہولت کاروں کو کلین چٹ دی گئی، پرویز مشرف ملک سے باہر اور سہولت کار اپنے عہدوں پر موجود ہیں، عدالتی فیصلے میں پرویز مشرف کو کلین چٹ دی گئی۔ فیصلے میں صرف 2 پولیس اہلکاروں کو سامنے لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید کو انصاف نہیں ملے گا تو عام آدمی کا کیا ہوگا، صورتحال دیکھنے کے لیے ہی آج عدالت گیا تھا۔ حلقے کی صورتحال پر مختلف پارٹیوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں نوکریوں کا ذکر ہے نہ گھروں کا، سی پیک پر منفی بیانات سے ناقص خارجہ پالیسی ثابت ہوتی ہے۔ اسی طرح امریکی حکام سے گفتگو پر بھی امریکا سے ٹرانسکرپٹ آیا۔ ’خطے میں پاکستان کی اہم پوزیشن ہے، غلطیوں سے نقصان ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کہتی رہی ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، افسوس آج عوام کے پاس کچھ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کو دوبارہ طاقت دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔