خبرنامہ پاکستان

عوام نےتحریک انصاف کےاحتجای دھرنوں کومستردکردیا،دانیال

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عوام نے تحریک انصاف کے احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کو مسترد کر کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی موثر اور کارآمد پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جن کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پاکستانی عوام تحریک انصاف سے بیزار ہو چکے ہیں،یہی وجہ ہے کہ ضمنی انتخابات سمیت بلدیاتی، کنٹونمنٹ بورڈ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی انہیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور لوگوں نے مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ میں حکومت ناکام ہو چکی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے حکومتی صوبے خیبر پختونخواہ میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا، خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی بدترین حکومت رہی جو سب کے سامنے ہے اور اب وہ اپنی ناکامیوں اوربری کارکردگی کو چھپانے کے لیے احتجاج کا سہارا لے رہے ہیں اور منفی سیاست کر رہے ہیں جسے عوام پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔ چین کے صوبے شین کون اور پنجاب کے درمیان توانائی ، تعمیرات اور ترقیاتی کاموں کے مزید 3منصوبوں پر اگلے ماہ عملدرآمد ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ احتساب کا شور کرنے والی پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواہ میں اینٹی کرپشن کمیشن کے سربراہ کو ہٹا دیا جو ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لانا چاہتے تھے، تحریک انصاف صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے جبکہ اسے چاہیے کہ پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اپنے حکومتی صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دے کیونکہ اگر انہوں نے وہاں عوام کے لیے کچھ نہ کیا تو 2018ء میں عوام انہیں وہاں بھی ووٹ نہیں دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو احتجاج سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا اور ماضی کی طرح مایوسی ہی ان کا مقدر بنے گی، تحریک انصاف غیر سنجیدہ سیاست کر رہی ہے جس کی وجہ سے اس میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہو چکی ہے، تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سمیت انکے رہنماؤں کے قول و فعل میں تضاد ہے جو کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں جو ان کی سیاسی ناپختگی کو واضح کرتا ہے ۔