خبرنامہ پاکستان

عوام کی امیدیں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں: سراج الحق

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عوام کی امیدیں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں،مسائل سڑکوں پر نہیں عدالتوں میں حل ہونگے،پانامہ لیکس پر تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے،چور چور ہے چاہے اپوزیشن میں ہے یا حکومت میں،الیکشن کمیشن اپنا کام خود کرے اپنی ذمہ داری کسی اور پر نہ ڈالیں۔جمعرات کو جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی ایک بار پھر سپریم کورٹ پر نظریں ہیں،مسائل سڑکوں پر نہیں عدالتوں میں ہی حل ہوں گے۔سوال یہ ہے کہ ملکی دولت بیرون ملک کیسے منتقل ہوئی،پانامہ لیکس تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے،چور چور ہے،اپوزیشن میں یا حکومت میں ہو،ہم چاہتے ہیں کہ احتساب وزیراعظم سے شروع ہو۔انہوں نے کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ قوم کو مایوس نہیں کرے گی،کرپٹ سسٹم اور کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے،الیکشن کمیشن کو اپنا کام خود کرنا چاہیے،وہ اپنی ذمہ داری کسی اور پر نہ ڈالے۔