اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن آج سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی، ون ونڈو سروس کے ذریعے لوگوں کو گھر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تنقید اور مذاق اڑانا آسان ہے، نیک نیت ہوتے ہیں تو اللہ کی مدد ہوتی ہے۔ گھر ہر شہری کی خواہش ہے لیکن یہاں قرضوں کا بوجھ ہے۔ پورے پاکستان میں ہمیں اس وقت ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تنقید کرنا آسان اور عملی طور پر کچھ کرنا مشکل ہوتا ہے، عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دارریاست ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھر نہ ہونے کے باعث عام آدمی سسک سسک کر زندگی گزار رہا ہے۔ ہاؤسنگ اسکیم سے شہریوں کو کم لاگت سے اپنا گھر فراہم کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کر آئے گی، اپنا گھر اسکیم ان لوگوں کے لیے ہے جو کبھی گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بے روزگاری بہت بڑا مسئلہ ہے اسے حل کریں گے، 50 لاکھ گھر بنیں گے تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔