اسلام آباد:(اے پی پی)امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ عورت کو برابری کا درجہ دیئے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا ، پاکستان میں صنفی مساوات پروگرام کے لیے امریکہ کی جانب سے چالیس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ پاکستان میں خواتین کے قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں میں اپنی مثال آپ ہیں جن کی ہمت اور بہادری داستانیں کسی کو بھی متاثر کیے بغیر نہیں رہتیں ۔ ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ صنفی مساوات کا سامنا پاکستان اور امریکہ سمیت پوری دنیا کو ہے جس کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ناممکن ہے ۔ خواتین کو مساویت دینے کا معاملہ مریم نواز اور مشعل اوباما نے بھی اپنی ملاقات میں اٹھایا جس میں یہ طے کیا گیا کہ دونوں مل کر پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کریں گی ۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ سمیت پاکستان میں متعدد این جی اوز خواتین کے لیے کام کررہی ہیں جبکہ پانچ سالہ صنفی مساوات پروگرام کے لیے امریکہ کی جانب سے چالیس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔