خبرنامہ پاکستان

عیدالفطرکی آمد ،تجارتی مراکزخریداروں سےکھچا کھچ بھرنےلگے

اسلام آباد :(اے پی پی) عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر تجارتی مراکز خریداروں سے کھچا کھچ بھرنے لگے۔ افطاری کے بعد بڑی تعداد میں مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں اور رات گئے تک خریداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ عید قریب آتے ہی عید کی خریداری کا سلسلہ بھی زور پکڑ گیا ہے جو چاند رات تک جاری رہے گا۔ چھوٹے بڑے شہروں، قمقموں میں اس مقصد کے لئے عیدبازار سجے ہیں اور آخری عشرہ کے آغاز سے رش کئی گنا بڑھا ہے اور روز بروز خریداری میں اضافہ ریکارڈ ہو رہا ہے۔ جوتے، ملبوسات، کاج، بٹن، لیس، گوٹہ، منیاری کے سامان مہندی، چوڑیاں، کاسمیٹکس کا سامان اور دیگر لوازمات کی خریداری میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے دن میں خریداری کا زور کم ہوتا ہے لیکن افطاری کے بعد رات گئے تک تجارتی مراکز کھچا کھچ بھر جاتے ہیں اور مارکیٹوں میں تل دھرنے کی گنجائش نہیں رہتی۔