خبرنامہ پاکستان

غازی عبد الرشید قتل کیس، عدالت مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پرسخت برہم

اشتہاری قرار دینے کی درخواست منظور ،
وزارت داخلہ اور مشرف کے ضامنوں کو نوٹسز جاری ، سماعت 14اپریل تک ملتوی
اسلام آباد (آئی این پی) ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے غازی عبد الرشید قتل کیس کی سماعت میں اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست منظور کرلی، وزارت داخلہ اور مشرف کے ضامنوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 14اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ہفتہ کوایڈیشنل سیشن جج اسلام آبادپرویزالقادرمیمن نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت کی۔اس دوران سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی، درخواست کے متن میں کہا گیا کہ پرویز مشرف علاج کیلئے ملک سے باہر گئے ہیں، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے دینے کی اجازت دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او کو فوری طور پر طلب کرلیا، ایس ایچ او نے عدالت میں حاضر ہو کر اس حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کودفعہ 87 کے تحت اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ عدالت نے سیکشن آفیسر کو سیکٹری داخلہ کی طرف سے اتھارٹی لیٹر عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ضامنوں اور وزارت داخلہ کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔کیس کی مزید سماعت 14اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔