خبرنامہ پاکستان

غریبوں کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا: خورشید

سبی: (ملت+آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے غریبوں کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا‘ پیپلز پارٹی نے کسانوں کو مضبوط کیا ‘ 4 سال میں غریبوں کیلئے کیا کیا گیا؟ نوجوان ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں روزگار نہیں مل رہا ‘ دنیا بھر میں پاکستانی عوام کا پیسہ لوٹنے کا چرچا ہے ‘ عوام کو چاہیے بلاول کے ہاتھ مضبوط کرے ۔ پیر کو سبی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خواتین کو دی جانے والی رقم 3 ہزار کرنا چاہتے ہیں۔ خود کو بھٹو کا ایک چھوٹا کارکن سمجھتا ہوں اسی پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقے کیلئے بنائی گئی تھی۔ پی پی نے لوگوں کو شعور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے وعدہ پورا کرنے کیلئے آپ کا ہاتھ تھاما ہے۔ عوام کو چاہیے کہ بلاول کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ہم باتیں نہیں کرتے ہم نے غریبوں کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی عوام کا پیسہ لوٹنے کا چرچا ہے۔ نوجوان ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں روزگار نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ چار سال میں غریبوں کیلئے کیا کیا گیا؟ پیپلز پارٹی نے کسانوں کو مضبوط کیا۔ مزدور کیلئے بنایا گیا کالا قانون ہم نے ختم کیا۔ آج بڑے بڑے پروجیکٹس چل رہے ہیں لیکن خواتین ہسپتال کی سڑکوں پر مر رہی ہیں۔ ۔۔۔(رانا)