خبرنامہ پاکستان

غیرملکی فنڈنگ: پی پی کا الیکشن کمیشن میں جواب داخل

غیرملکی فنڈنگ: پی

غیرملکی فنڈنگ: پی پی کا الیکشن کمیشن میں جواب داخل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) غیرملکی پارٹی فنڈنگ سے متعلق پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا جب کہ مسلم لیگ (ن) نے حتمی جواب کے لئے مہلت مانگ لی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی غیرملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے اور انہوں نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی، وکیل نے کہا کہ ہمارا جواب تیار ہے اور آئندہ سماعت پر جمع کرادیں گے۔ کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب 22 جنوری تک جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 20 جنوری تک جواب کی کاپی تحریک انصاف کو فراہم کی جائے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب جمع کرادیا اور موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
پی ٹی آئی کا دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی اسکروٹنی کا مطالبہ
لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی غیرملکی پارٹی فنڈنگ نہیں لی، تحریک انصاف کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 22 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی اور اسی روز دونوں جماعتوں کی جانب داخل کیے جانے والے جوابات پر دلائل کا آغاز ہوگا۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 18 ستمبر 2017 کو الیکشن کمیشن میں 7 سال کے پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرائی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر غیرملکی فنڈنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے اکاﺅنٹس کی بھی جانچ پڑتال کے لئے درخواست دائر کی تھی۔