خبرنامہ پاکستان

غیرملکی میڈیا کی جانب سےایدھی کوشاندارخراج تحسین

کراچی: (آئی این پی) سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال کی خبر پوری دنیا میں پھیل گئی ۔ غیر ملکی میڈیا نے بھی عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سووراج نے بھی افسوس کا اظہار کیا ۔ عہد ساز شخصیت عبدالستار ایدھی کے انتقال پر پوری دنیا سوگوار ہے ۔ مغربی ، یورپی اور عرب میڈیا نے عبدالستار ایدھی کے انتقال کی خبر نمایاں طور پر نشر کی ۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا عبدالستار ایدھی پاکستانی غریبوں اور ضرورت مندوں کے ہیرو تھے ۔ الجزیرہ نے انہیں پاکستان کا مدر ٹریسا لکھا ۔ دی گارڈین نے انہیں اینجل آف مرسی کہہ کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ دی ٹیلی گراف نے لکھا پاکستانی انسان دوست عبدالستار ایدھی اٹھاسی سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ میل آن لائن نے انہیں لیجنڈری پاکستانی سوشل ورکر کہا ۔ نیویارک ٹائمز نے عبدالستار ایدھی کو پاکستانی فادر ٹریسا کا لقب دے دیا ۔ ٹائمز آف انڈیا ، زی نیوز ، ہندوستان ٹائمز ، انڈین ایکسپریس سمیت بھارتی میڈیا نے بھی انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہا ۔ ادھر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے معروف سماجی رہنما کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی عظیم انسان تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی ۔