خبرنامہ پاکستان

غیر قانونی بھرتی کیس میں ملوث پرویز اشرف کی حاضری معافی کی درخواست مسترد

لاہور(ملت آن لائن + آئی این پی) غیر قانونی بھرتی کیس میں ملوث سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی حاضری معافی کی درخواست مسترد‘ احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے پیپکو میں 437 افراد کی بھرتی کے کیس میں پیپکو کے 8 افسران اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو طلب کر رکھا تھا، گزشتہ پیشی پر بھی راجہ پرویز اشرف عدالت پیش نہیں ہوئے تھے ر اجہ پرویز اشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ راجہ پرویز اشرف عدالت پیش نہیں ہو سکتے وہ ملک سے باہر ہیں جس پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ راجہ پرویز اشرف بتائے بغیر ملک سے باہر کیسے گئے،عدالت نے تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کردی ہیں ریفرنس کی نقل راجہ پرویز اشرف کے وکیل شاہد افتخار نے وصول کی جب کہ حاضری سے معافی کی درخواست عدالت نے مسترد کردی اور راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ جاری کر دیئے۔ احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔