خبرنامہ پاکستان

غیر ملکی فنڈنگ کیس:لیگی وکیل پیش نہ ہوئے

غیر ملکی فنڈنگ

غیر ملکی فنڈنگ کیس:لیگی وکیل پیش نہ ہوئے

اسلام آباد: (ملت آن لائن) مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کیخلاف غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق مقدمات میں تحریک انصاف نے نئی درخواست جمع کرا دی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کیسز کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب اور وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کیس میں نئی درخواست جمع کرائی گئی ، ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے کہا کہ ان کی پٹیشن کو منظور کر کے دونوں جماعتوں کے وکلاء کو بلایا جائے، دسمبر 2017 میں کیس پر پہلی سماعت ہوئی تھی، راجا ظفرالحق کی جانب سے 22 جنوری کو جواب جمع کرایا گیا تھا ، جمع کرائے گئے جواب کو تحریک انصاف نہیں مانتی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جمع حلف نامے پردستخط پارٹی سربراہ کے نہیں ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا کبھی پارٹی سربراہ کی جانب سے حلف نامے پر وکیل دستخط کر سکتے ہیں ؟ ایسا کبھی نہیں ہوا، وکلاء حلف نامے پر دستخط نہیں کرسکتے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے وکیل کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ قانون سکھا رہے ہیں، با اختیار شخص کے دستخط سے جواب دوبارہ جمع کرایا جائے ، ن لیگ کی جانب سے استدعا کی گئی کہ انکے وکیل جہانگیر جدون سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، سماعت جمعرات تک ملتوی کی جائے۔جسے منظور کرتے ہوئے ن لیگ کیخلاف پارٹی فنڈنگ کیس 27 فروری جبکہ پیپلز پارٹی کیخلاف مقدمہ 6 مارچ تک ملتوی کر دیا۔