خبرنامہ پاکستان

فاروق ستاراپنی عزت خراب کروارہے ہیں، اللہ انہیں ہدایت دے، کنورنوید جمیل

فاروق ستاراپنی عزت خراب کروارہے ہیں، اللہ انہیں ہدایت دے، کنورنوید جمیل

کراچی :(ملت آن لائن) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ فاروق ستار غیرسنجیدہ اقدامات سے اپنی عزت خراب کرارہے ہیں، انہیں آج ایم کیوایم حقیقی، پی ایس پی کارکنان کا سہارا لینا پڑا، اللہ پاک فاروق ستارکو ہدایت دے۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز دفتر بہادر آباد کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ فاروق ستارکو غیرتنظیمی، غیرآئینی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کو رابطہ کمیٹی بار بار بہادرآباد بلاتی رہی لیکن وہ نہیں آئے، وہ اپنے تمام غیرقانونی اقدامات کو کالعدم کرکے بہادرآباد واپس آجائیں تو انہیں ویلکم کہیں گے۔ کنورنوید نے کہا کہ غیرآئینی انٹرا پارٹی الیکشن میں ایم کیوایم حقیقی اور پی ایس پی کارکنان کا سہارا لے کر اور اپنے غیرسنجیدہ اقدامات سے فاروق ستار اپنی عزت خود خراب کروا رہے ہیں۔ کنور نوید جمیل کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے تمام ووٹرز آج بھی بہادرآباد کے ساتھ کھڑےہیں، ایم کیوایم کے ووٹرز تنظیم کو جانتے ہیں فرد واحد کو نہیں، کارکنوں کو انٹراپارٹی الیکشن ناکام بنانے پر مبارکباد دیتا ہوں، عام انتخابات سے بہت پہلے ساری صورتحال کلیئر ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 10فروری کو فاروق ستارکو کہہ دیا تھا کہ ہمارے لئے سینیٹ کی سیٹیں مسئلہ نہیں انہیں آپ لےلیں، کنورنوید نے کہا کہ ہمارا انتخابی نشان پتنگ ہے، بہادرآباد کا دفترہی ایم کیوایم کا مرکزی دفتر ہے، اگر فاروق ستاراپنے اقدامات کالعدم کرکے یہاں آتے ہیں تو یہ ان کا دفتر ہے۔ ان کا کمزید کہنا تھا کہ فاروق ستار نے جورابطہ کمیٹی بنائی وہ کامران ٹیسوری گروپ کی ہے، ایم کیوایم کا ایک ہی آئین ہےجو2000میں بنا،2016میں کچھ ترمیم ہوئی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک فاروق ستارکو ہدایت دے کہ وہ اپنے تمام غیرآئینی اقدام ترک کرکےہمارے ساتھ آجائیں۔