خبرنامہ پاکستان

فاروق ستارکا الطاف حسین سےاظہارلاتعلقی اچھی بات ہے :خورشید

سکھر: (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ فاروق ستار کا قائد الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار اچھی بات ہے ، ان کا اب بھی تعلق ہے یا نہیں چھپ نہیں سکتا صرف دس روز میں ہی سب سامنے آجائے گا ۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر کی شہادت کے بعد بھی پیپلز پارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ۔ جبکہ دوسری طرف مخالف نعرے لگائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی انتہائی کمزور ہے ، کمزور خارجہ پالیسی کے باعث ہمسایہ ممالک ہمارے مخالف ہیں ۔ پاکستان کو ہمسایہ ممالک کو دیکھ کر آگے بڑھنا چاہیئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں ملک بھر میں جلسے کرنے جا رہے ہیں جس میں اس حکومت کی کمزوریوں سے عوام کو آگاہ کریں گے ۔ انہوں نے سکھر میں سول ہسپتال کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال میں 67 ڈاکٹرز کی قلت ہے ، ہسپتال میں دسمبر تک کا ادویات کا سٹاک موجود ہے تو سول ہسپتال میں ادویات فروخت کرنے پر میڈیکل سٹور بند کر دیئے جائیں گے ۔ صحت اور تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔