خبرنامہ پاکستان

فاٹا میں 2018ء میں انتخابات ہوسکتے ہیں‘ سرتاج

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ 2018ء میں فاٹا میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستوں کیلئے انتخابات ہو سکتے ہیں۔غیر ملکی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا 2018ء تک فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم نہ ہوا تو فاٹا میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے انتخابات ہو سکتے ہیں۔سرتاج عزیز نے کہا کہ منتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی میں فاٹا کی مخصوص نشستوں پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی ڈھانچہ مکمل ہونے کے بعد فاٹا خیبرپختونخوا میں ضم ہو گا اور اس انضمام میں چار سے پانچ سال لگ سکتے ہیں۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ فاٹا کیلئے ترقیاتی فنڈز میں چار سے پانچ گنا اضافہ بھی متوقع ہے۔