خبرنامہ پاکستان

فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے گا، عابد شیرعلی

فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے گا، عابد شیرعلی

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 2017ء فاٹا کے عوام کے لئے خوشخبری کا سال ہے۔ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کررہی ہے، مئی2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی بنائی ‘ اصلاحات کا مسودہ تیار ہے اس حوالے سے حکومت رائے عامہ ہموار کررہی ہے جو لوگ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے شور شرابہ کررہے ہیں انہوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کام کیوں نہیں کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ 2017ء فاٹا کے عوام کے لئے خوشخبری کا سال ہے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے گا حکومت اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈر کے ساتھ مشاورت کررہی ہے کوئی ایسا فیصلہ جلد بازی میں نہ کیا جائے جس سے صوبے کی عوام میں نفرت بڑھے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کررہی ہے، پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کام جاری ہے اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد مئی 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت اور وزراء ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ محمد نوازشریف مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں ۔ ان کے وژن کے تحت کام کیا جارہا ہے۔شہباز شریف نے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا وہ نواز شریف کے فیصلوں پر من و عن عمل کررہے ہیں ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ لیڈر کو چیلنجز پیش آتے رہتے ہیں وہ ان کا سامنا کررہے ہیں اور سرخرو ہوں گے۔