خبرنامہ پاکستان

فاٹا کو خیبرپختونخوا کا حصہ بنایا جائے: چودھری شجاعت

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا کا حصہ بنایا جائے، فاٹا کے عوام کی محرومیوں کے ازالہ کا وقت آ چکا ہے،فاٹا کے عوام پاکستانی شہری ہیں اور ان کو دیگر پاکستانیوں کی طرح مساوی حقوق دئیے جائیں۔وہ جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ ملاقات میں خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے تنظیمی امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فاٹا ایک عرصے سے بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس سے پہلے فاٹا کی منفرد حیثیت کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا اور اس معاملے کو سیاسی مصلحتوں کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم بنے تھے تو حلف اٹھانے کے تین دن بعد ہی فاٹا اصلاحات پر میٹنگ بلائی تھی جس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے حصہ لیا تھا۔ اس اجلاس میں دیگر متعلقہ اداروں نے بھی شرکت کی تھی اور اس میں طے کیا گیا تھا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا، اس کیلئے ایک لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی تھی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فاٹا کے بارے میں قومی اتفاق رائے ہو چکا ہے فاٹا کے عوام پاکستانی شہری ہیں اور ان کو دیگر پاکستانیوں کی طرح مساوی حقوق دئیے جائیں۔