خبرنامہ پاکستان

فاٹا کےلوگ جرگےکا فیصلہ قبول کرتےہیں عدالت کا نہیں: عبدالقادربلوچ

اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹاکے لوگوں نے کہا ہے کہ جرگہ ہماری روایات کا حصہ ہے اورفاٹا کے لوگ جرگے کا فیصلہ قبول کرتے ہیں عدالت کا نہیں۔ میرا تعلق قبائلی علاقے سے ہے کوئی ایسا قانون نہیں بنایا جاتا جسے عوام تسلیم نہ کریں۔ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جرگہ سسٹم ختم کیا گیا مگر وہاں پھر بھی یہ موجود ہے جرگہ یاپنچایت سسٹم ہرجگہ ہے اور یہ لندن اور پنجاب میں بھی ہے۔ ہم نے رپورٹ پیش کردی ہے جس میں مزید تجاویز بھی شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات رپورٹ میں مسائل حل کرنے پر توجہ دی گئی ہے وہاں کے عوام کی حب الوطنی کا موازنہ کسی سے نہیں کیا جاسکتافاٹا کے نوجوانوں کو ملک کے دیگرحصوں کے برابرترقی کے مواقع دیں گے۔