خبرنامہ پاکستان

فرانسیسی صحافی کی گرفتاری کی وضاحت طلب؛انسانی حقوق کمیشن

فرانسیسی صحافی کی گرفتاری کی وضاحت طلب؛انسانی حقوق کمیشن
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کمیشن نے پیلٹ متاثرین پر ڈاکو مینٹری بنانے والے فرانسیسی صحافی کی گرفتاری پربھارتی پولیس کو وضاحت پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فرانسیسی صحافی پال کومیٹی کو بھارتی پولیس نے 9دسمبر کو اس وقت گرفتارکیاتھا جب وہ سرینگر کے پرتاپ پارک میں دھرنے پر بیٹھے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کی ڈکو مینٹری بنارہا تھا۔پولیس نے ان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ کے تحت کیس درج کرلیا اوروہ کوٹھی باغ تھانے میں نظربندہیں۔ اس سلسلے میں انسانی حقوق کے معروف کارکن محمد احسن انتو نے انسانی حقوق کمیشن کو درخواست دی تھی جو منظور کرلی گئی۔ کمیشن نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سینئر سپر انٹنڈنٹ پولیس کو نوٹس جاری کرکے صحافی کی گرفتاری سے متعلق وضاحت پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔ محمد احسن انتو نے درخواست میں کہا ہے کہ وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ پال کومیٹی کو پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے ہوئے کیوں گرفتار کیا گیا۔ پولیس سے مذکورہ صحافی کو کمیشن کے سامنے پیش کرنے کے لیے کہاجائے تاکہ وہ اپنی پوزیشن واضح کرے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پال کومیٹی ایک ایوارڈ یافتہ صحافی ہے۔