خبرنامہ پاکستان

فرانسیسی کمپنی نے تباہ طیارے کا بلیک باکس ڈی کوڈ کر لیا

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) فرانسیسی کمپنی نے تحقیقاتی کمیٹی کی موجودگی میں حویلیاں میں گرنے والے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس اور وائس ریکارڈر کا ڈیٹا ڈائون ڈی کوڈ کر لیا ہے۔ کمپنی نے سارا ڈیٹا سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کو فراہم کر دیا ہے جو اس کی روشنی میں اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔ فرانسیسی کمپنی بھی الگ سے اپنی رپورٹ تیار کرے گی جس میں چار سے پانچ روز لگ سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق طیارے کے وائس ریکارڈر سے کاک پٹ کی ریکارڈنگ حاصل کی گئی ہے جبکہ کاک پٹ کا ڈیٹا دو حصوں پر مشتمل ہے۔ ایک حصے میں جہاز کی رفتار، اونچائی، مقام، انجن کی ہارس پاور، فیول کی مقدار، پائلٹ کی طرف سے استعمال کئے گئے آپشنز سمیت جہاز کے تمام مکینکل نظام کا ریکارڈ موجود ہے جبکہ دوسرے حصے میں کاک پٹ کے اندر پائلٹ اور معاون پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیک باکس میں جہاز کے حادثے سے تیس منٹ قبل تک کا ڈیٹا محفوظ ہے۔