خبرنامہ پاکستان

فنڈز، منظوری میں تاخیرسے سی پیک منصوبہ التوا کا شکار

اسلام آباد: سیاسی اقتدارکی منتقلی کے باعث چین کی جانب سے منصوبے کی منظوری میں تاخیر اورپبلک سیکٹرڈوپلمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مغربی روٹ کی تکیمل مشکلات سے دوچار ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ اینڈ ڈوپلمنٹ کے اجلاس میں انکشاف کیا۔

این ایچ اے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ مغربی روٹ کے تحت پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے مختص 25 ارب روپے جاری نہیں کیے جا سکے۔

حکام نے بتایا کہ ’چینی حکومت بھی پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کے عرصے میں کسی منصوبے کی منظوری سے گریزاں رہی جس کے باعث روڈ کی تکمیل کے لیے جاری کام رکاوٹ کا شکار رہا‘۔

سینیٹر آغاہ شاہزیب درانی کی صدارت میں جاری اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ فنڈنگ کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے منصوبےپرکام بند ہے اور ساتھ ہی مغربی روٹ پر ڈیرہ اسماعیل خان سے زوب منصوبہ بھی چینی حکام کی منظوری کا منتظر ہے۔

سینیٹر عثمان کاکٹرنےالزام لگایا کہ مغربی روٹ پر گزشتہ ڈھائی برس سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایس ڈی پی میں مغربی روٹ کے لیے مالی سال میں 6 ارب روپے مختص کی گئے۔

اس دوران سی پیک پراجیکٹ ڈائریکٹر،پلاننگ کمیشن حسن داؤ بٹ نے کہا کہ پاکستان نے انفراسٹرکچر منصبوں کے لیے 6 ارب ڈالر قرضہ لیا اور 90 فیصد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چین 15 توانائی سمیت 22 ترقیاتی منصوبوں پر 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کررہا ہے۔

پلاننگ کمیشن کے افسر نے کمیٹی کو بتایا کہ بولی کے عمل سے بجلی کے فی یونٹ قیمت میں کمی اگلے چند روز میں ممکن ہے۔

سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے لیے کمیٹی کو بتایا گیا کہ 9 ہزار 929 فوجی اور 4 ہزار 502 شہری سیکیورٹی کے لیے موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے پر 10 ہزار چینی اور 65 ہزار پاکستانی کام کررہے ہیں جس میں کل 8 سرمایہ کار میں سے 4 پاکستان سے ہیں جنہوں نے گوادر فری زون پر مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے ہیں۔

اس موقعے پر بلوچستان سے کمیٹی کے ارکان نے گوادر شہر میں بجلی لوڈشیڈنگ اور پانی کی شدید کمی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر سٹی کو یومیہ کی طلب 6 لاکھ گیلن پانی کی ہے تاہم 3 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے۔