خبرنامہ پاکستان

فوجی عدالتوں کی توسیعِ مدت کا معاملہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر منعقد ہونے والا پارلیمانی کمیٹی کا دوسرا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔ حکومت نے جواب کے لئے 31 جنوری تک کی مہلت مانگ لی۔ سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے فوجی عدالتوں کے معاملے پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اپوزیشن اراکین نے حکومت سے پوچھا کہ بتایا جائے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کتنا عمل ہوا۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن نے جن سوالات کے جواب مانگے ہیں، وہ آئندہ اجلاس میں فراہم کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ فیصلہ پارلیمنٹ کا اِن کیمرہ اجلاس بلا کر کیا جائے۔ کمیٹی اراکین نے توقع کا اظہار کیا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے کر لیا جائے گا۔