خبرنامہ پاکستان

فوجی عدالتوں کی توسیع بارے آئینی ترمیم پر حکومت نے ہماری نہ سنی تو ڈیڈلاک پیدا ہوجائیگا

اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹرچوہدری اعتزاز احسن نے انتباہ کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم پر حکومت نے ہماری بات نا سنی تو اس ترمیم پر حکومت اور پیپلزپارٹی میں ڈیڈلاک پیدا ہوجائے گا،ترمیم میں بہتری کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وہ پیر کو سینیٹ میں اپوزیشن پارلیمانی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت کر رہے تھے ۔چوہدری اعتزاز احسن گذشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کو زرداری ہاؤس کے خصوصی پیغام ملنے پر ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس کی طرح ایم کیو ایم نے مشترکہ متحدہ حزب اختلاف کے پارلیمانی اجلاس میں بھی شرکت نہیں۔اجلاس میں پیپلزپارٹی،تحریک انصاف،مسلم لیگ ق،عوامی نیشنل پارٹی کے اراکین سینیٹ شریک ہوئے،ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کی طرف سے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر بلائے گئے پارلیمانی اجلاس کا بھی بائیکاٹ کیا،اجلاس جاری تھا چوہدری اعتزاز احسن کو سابق صدر آصف علی زرداری کا پیغام ملا کہ وہ فوری طور پر ان سے ملیں،جس پر اپوزیشن لیڈر اجلاس کو چھوڑ کر زرداری ہاؤس چلے گئے اور جاتے ہوئے مختصر بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے آئینی ترمیم بل کے بارے میں تجاویز مرتب کرلیں ہیں اگر ہماری بات نہ سنی گئی تو اس آئینی ترمیم پر حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان ڈیڈلاک پیدا ہوجائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس کسی اتفاق رائے کیلئے نہیں طلب کی گئی تھی اس لیے اس کی ناکامی کا تاثر غلط ہے،ہم متذکرہ آئینی ترمیم کے بارے میں پیپلزپارٹی کے موقف سے دیگر جماعتوں کو آگاہ کرنا چاہتے تھے۔۔۔۔(خ م+اع)