خبرنامہ پاکستان

فوجی کمانڈ کی تبدیلی مثبت پیش رفت ہے: خورشید

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فوجی کمانڈ کی تبدیلی مثبت پیش رفت ہے، ملک میں اقتدار اور فوجی کمانڈ کی تبدیلی آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے ہونی چاہیے، تحریک انصاف کے اراکین کو پی اے سی میں خوش آمدید کرتے ہیں۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کمان کی تبدیلی کو پاکستان میں مختلف زاویوں سے دیکھا جاتا ہے،اگر ماضی میں فوجی تبدیلی نارمل طریقے سے ہوتی رہتی۔ آج اتنے سوال نہ ہوتے، پاکستان کی تاریخ میں چند جرنیل ہی ایسے ہیں جنہوں نے توسیع نہیں لی اور مقررہ وقت پر ریٹائر ہوئے ، فوجی کمانڈ کی تبدیلی 20سال بعد آئینی طریقے سے ہو رہی ہے جس کا کریڈٹ راحیل شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کمان کی تبدیلی مثبت پیش رفت ہے،پیپلز پارٹی نے بھی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2013 میں بلا کسی رکاوٹ سول اقتدار منتقل کیا۔آصف زرداری کی واپسی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی سے متعلق جب فیصلہ ہوا آپ کو بتا دیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمنٹ کے بائیکاٹ کے خاتمے کا فیصلہ خوس آئند ہے، تحریک انصاف کے اراکین کو پی اے سی میں خوش آمدید کرتے ہیں۔(ار)