خبرنامہ پاکستان

فٹنس مسائل اظہر علی کا پیچھا چھوڑنے کو تیار نہ ہوئے

فٹنس مسائل اظہر علی کا پیچھا چھوڑنے کو تیار نہ ہوئے
لاہور:(ملت آن لائن) فٹنس مسائل اظہر علی کا پیچھا چھوڑنے کو تیار نہ ہوئے بیٹسمین ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ پی سی بی میڈیکل کمیشن سے مشاورت کے بعدکریں گے۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے دوران ہی اظہر علی گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے،ریٹائر ہونے والے سینئرز مصباح الحق اور یونس خان کی غیر موجودگی میں تجربہ کار بیٹسمین کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے اظہر علی کو آرام کرانے کے بجائے انجیکشن لگواکر میدان میں اتارا گیا، اوپنر کی خدمات حاصل ہونے کے باوجود ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کوکلین سوئپ کی خفت اٹھانا پڑی، اظہر علی ون ڈے میچز چھوڑ کر انگلینڈ روانہ ہوئے جہاں انھوں نے اپنا علاج کرایا، ان کی وطن واپسی گزشتہ رات شیڈول تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر فٹنس مسائل سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل نہیں کر سکے۔
اس لیے میدان میں اترنے سے قبل انھیں بحالی کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کچھ وقت ٹریننگ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ اظہر علی پی سی بی میڈیکل کمیشن سے مشاورت کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کریں گے،انگلینڈ میں گھٹنے کی انجری کے علاج کے دوران اور بعد میں دی جانے والی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لینے پر ہی اوپنر کو ایکشن میں آنے کی اجازت دی جائے گی،کسی بھی قسم کی جلد بازی ان کے کرکٹ کیریئر کو متاثر کرسکتی ہے۔یاد رہے کہ نومبر 2015میں یواے ای میں کھیلتے ہوئے اظہر علی کے گھٹنے کی انجری سامنے آئی تھی،بعدازاں مختلف اوقات میں یہ مسئلہ سر اٹھاتا رہا ہے۔