خبرنامہ پاکستان

فیض آباد دھرنا کیس::اٹارنی جنرل کی ایک بار پھرعدم حاضری پر توہین عدالت کا نوٹس جاری

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کے سلسلے میں اٹارنی جنرل کی ایک بار پھر عدم حاضری پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل ریاست کا سب سے بڑا لاء افسرہے یا وزیراعظم کا ذاتی ملازم؟ ہم توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہیں۔

فیض آباد دھرنا کیس کی گزشتہ سماعت پر بھی اٹارنی جنرل سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر پیش نہیں ہوئے تھے جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ اگر حکومت اس کیس کو نہیں چلانا چاہتی تو عدالت کو بتا دے۔

جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فیض آباد دھرنا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

اٹارنی جنرل ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ اٹارنی جنرل اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہیں۔

اس پر جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ کیا اٹارنی جنرل ماہر معاشیات ہیں؟ ای سی سی کے اجلاس میں ان کا کیا کام؟ اٹارنی جنرل ریاست کا سب سے بڑا لاء افسرہے یا وزیراعظم کا ذاتی ملازم؟ ہم توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہیں۔

معزز جج نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل اور ججز سمیت ہر کوئی ریاست کا ملازم ہے، کیا وزیراعظم سپریم کورٹ سے بالا ہیں؟ وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کو کہا اور وہ منہ اٹھا کر چل دیے، اٹارنی جنرل کو وزیراعظم کو بتانا چاہیے تھا کہ انہیں عدالت میں پیش ہونا ہے، اٹارنی جنرل کو وزیراعظم سے معذرت کرنی چاہیے تھی۔

یاد رہے کہ آئینی ترمیم الیکشن بل 2017 میں حلف نامے کے الفاظ کو تبدیل کیے جانے پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر 22 روز تک دھرنا دیا گیا، مظاہرین کے خلاف ایک آپریشن بھی کیا گیا، جس کے بعد ایک معاہدے کے بعد دھرنا اختتام پذیر ہوا۔

مظاہرین کے مطالبے کے بعد اُس وقت کے وزیر قانون زاہد حامد کو عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔

فیض آباد دھرنے میں اسلام آباد پولیس کا کُل خرچہ 19 کروڑ 55 لاکھ روپے آیا جبکہ میٹرو اسٹیشن کی توڑ پھوڑ اور بندش کے باعث قومی خزانے کو 6 کروڑ 60 لاکھ روپے کا نقصان بھی ہوا۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے معاملے کا ازخودنوٹس لیا تھا۔