خبرنامہ پاکستان

قائداعظم نے بغیردھرنا دیے ہندوسامراج کو شکست دی، عرفان صدیقی

قائداعظم نے بغیردھرنا دیے ہندوسامراج کو شکست دی، عرفان صدیقی

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے انگریز اور ہندو سامراج کے خلاف پرامن، مہذب انداز میں اصولوں اورنظریات کی جنگ جیتی۔ اس عظیم جدوجہد کے دوران انہوں نے دھرنا دیا اور نہ کوئی سڑک بند کی۔ قربانیوں سے حاصل ہونے والی آزادی کی حفاظت اور فروغ کے لئے لازم ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی رویوں میں خود کو قائدکے اصولوں کا پابند بنائیں۔ بابائے قوم کے یوم ولادت کے سلسلے میں ہفتہ تقریبات کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ قائداعظم کی زندگی کا ورق ورق ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ہم نے ایسے رہنما کی وراثت سنبھالنی ہے جس نے مضبوط اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے تحریک چلائی جو عوامی بہاؤ پر چلتی ہوئی منزل سے ہمکنار ہوئی۔ اس جدوجہد میں ہمارے لئے بڑی رہنمائی ہے۔ ہمیں ذمہ داری کے احساس کے ساتھ آزادی کی حفاظت کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم کا طرز عمل ہمیں بتاتا ہے کہ ہمارے لیڈر کیسے ہونے چاہئیں، ان کا طرز عمل کیسا ہونا چاہئے۔ نوجوان قائد کی تحریک کا ایک اہم اور فعال حصہ تھے۔ انہوں نے ایمان، تنظیم اور اتحاد کے اصولوں سے ان کی رہنمائی فرمائی۔ عرفان صدیقی نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ علامہ اقبال اور قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ مرکوز کریں۔ ہم سب اپنی ذمہ داریاں محنت ومشقت اور لگن سے انجام دے کر بابائے قوم کے خواب کی تعبیر بن سکتے ہیں۔ مشیر وزیراعظم نے کہاکہ مزارقائد کی تزئین وآرائش کے بڑے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن علامہ اقبال اور قائداعظم کے فرمودات اور ان کے افکار کی ترویج کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے خاکے، ملی نغمے اور تقاریر پیش کرنے والے بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان کونسل کے وائس چئیرمین میاں محمد جاوید، ڈاکٹر بشارت جذبی،مرید اقبال فاؤنڈیشن کے سربراہ ایس شاہد قاسم اور انجم رشید نے بھی خطاب کیا۔ ٹیکسلا، واہ کینٹ، حسن ابدال اور حضرو کے مختلف سکولوں کے بچوں نے قائداعظم کی زندگی وافکار اور تحریک پاکستان کے حوالے سے خاکے اور ملی نغمے پیش کئے جبکہ بچوں کے درمیان تقاریر کا مقابلہ بھی ہوا۔ مشیروزیراعظم عرفان صدیقی نے اس موقع پر اسناد بھی تقسیم کیں اور تقریب کے آرگنائزرز کی کاوش کو سراہا۔