خبرنامہ پاکستان

قائد ایم کیو ایم کی تقاریرکی تحقیقات جاری ہیں: اسکاٹ لینڈ یارڈ

لندن(آئی این پی) اسکاٹ لینڈ یارڈ ترجمان نے کہا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کی پاکستان میں نفرت انگیزتقاریرکی تحقیقات جاری ہیں کہ ان تقاریر سے قانون شکنی ہوئی یا نہیں۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قائد ایم کیو ایم کی پاکستان کیخلاف نفرت انگیز تقاریر پر تحقیقات جاری ہیں۔اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ قائد ایم کیو ایم کی تقاریر سے قانون شکنی ہوئی یا نہیں، حکام کا کہنا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کے خلاف شکایات کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم کے خلاف بہت سے پاکستانی فون کر کے شکایات کر رہے ہیں، اگر برطانوی سرزمین پر قائد ایم کیو ایم کے خلاف کسی کے بھی پاس ثبوت موجود ہیں تو وہ فراہم کرے۔علاوہ ازیں لندن میں ایک پاکستانی شہری طارق حسین کی جانب سے لیڈ گرو پولیس اسٹیشن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کیخلاف درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس میں پاکستان مخالف بیان دینے پر متحدہ قائد کیخلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔