خبرنامہ پاکستان

قانون کی حکمرانی کیلئے جمہوریت کا تحفظ اوربچاؤ ضروری ہے، چیف جسٹس پاکستان

قانون کی حکمرانی کیلئے جمہوریت کا تحفظ اوربچاؤ ضروری ہے، چیف جسٹس پاکستان
اسلام آباد(ملت آن لائن) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہےکہ قانون کی حکمرانی کے لیے ضروری ہے کہ جمہوریت کاتحفظ اور بچاؤکیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نئے عدالتی سال پر فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافی سے شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور ناانصافی افراتفری اور انارکی کی طرف لے جاتی ہے جب کہ عدلیہ آئین اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کرتی ہے اور آئین و قانون کے مطابق ہی بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ججز کو ہر قسم کے اثر و رسوخ سے آزاد ہونا چاہیے، کوئی اتھارٹی یا ریاستی ادارہ آئین کے خلاف کام کرے تو عدلیہ کوریویو کا اختیار ہے۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ انصاف، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے، ضروری ہے کہ قانون کی حکمرانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے جب کہ قانون کی حکمرانی کے لیے ضروری ہے کہ جمہوریت کاتحفظ اور بچاؤکیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین بالاتر ہے، تمام اداروں کواپنی ذمے داریاں آئین کے مطابق ادا کرنی چاہئیں۔