خبرنامہ پاکستان

قبائلی عوام کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

قبائلی عوام کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

راولپنڈی:(ملت آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، فاٹا کے بہادر قبائلیوں نے بے پناہ قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے تاجروں سے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹ میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی کے تاجروں نے اسلام آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا ۔ کئی روز سے جاری احتجاج کے بعد شمالی وزیرستان کے تاجروں اورپولیٹیکل انتظامیہ میں مذاکرات کیے گئے، مذکرات کی کامیابی کے بعد تاجروں نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور سے ملاقات کی یہ ملاقات4گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تاجروں کے مطالبات غور سے سنے اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی، ڈی جی آئی ایس پی آر کی یقین دہانی پر شمالی وزیرستان کے تاجر مطمئن ہوگئے اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ مطالبات تسلیم ہونے پر مظاہرین نے خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور کئی روز سےجاری احتجاجی کیمپ ختم کردیا گیا۔ بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ فاٹا میں متحرک آپریشن کے بعد معمولات زندگی کی بحالی دیرپا امن کاحصہ ہے، ریاست بشمول سیکیورٹی فورسز متاثرین کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دیرپا امن اور تعمیر نو کا عمل جاری ہے، یہ ہمارا گھر ہے مل جل کر تسلسل سے حالات پرامن کرلیں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ تاجروں کی سول ملٹری اور قبائلی نمائندوں کے ساتھ میٹنگ جلد ہوگی،22اپریل میٹنگ کی میں حقیقی مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوگی، قبائلیوں کی معاشی بحالی اولین ترجیح ہے۔ نقصان کا سامنا کرنے والے تاجروں کو معاوضہ بھی دیا جائےگا، انہوں نے کہا کہ ہم نے غیریقینی پھیلانے والی دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا، فاٹا کو قومی دھارے میں لا کر ہی ملک میں ترقی و خوشحالی آ سکتی ہے۔