خبرنامہ پاکستان

قریشی کا بغیر پروٹوکول موٹرسائیکل پر اپنے حلقہ کا دورہ

ملتان: (ملت+آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمودقریشی نے منفردعوامی اندازاپناتے ہوئے بغیرپروٹوکول موٹرسائیکل پر اپنے حلقے کا دورہ کیا۔حلقہ این اے 150اور پی پی 195کی عوام انہیں اس اندازمیں دیکھ کرحیران رہ گئی۔اس موقع پر شاہ محمودقریشی حلقہ کی تنگ گلیوں میں مقیم شہریوں کے مسائل سنے اور کارکنوں کے گھر بھی گئے۔کارکنوں اور شہریوں نے صبح سویرے عوامی انداز میں شاہ محمود قریشی کوموٹرسائیکل پر حلقے کا دورہ کرتے دیکھ کرخوشی کا اظہار کیا۔کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی کا کہناتھا کہ ملتان کے گلی کوچوں میں کرپشن کیخلاف نفرت دیکھ کر آیا ہوں،اس لیے تکلفات ایک طرف رکھتے ہوئے خود عوام سے ملنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام پانامالیکس پرعمران خان کے موقف کی کھل کرتائید کررہے ہیں۔میرے حلقے کے لوگ اسلام آبادسے خوشی کی نوید کے منتظر ہیں۔نوجوان کرپٹ حکمرانوں کیخلاف بڑے فیصلے کی توقع کررہے ہیں۔عوام کے دلوں میں حکمرانوں کیخلاف غیض وغصب پایا جاتا ہے۔ہرپاکستانی ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام پنجاب حکومت کے امتیازی سلوک پرنالاں ہیں۔