خبرنامہ پاکستان

قصور جل اٹھا، مشتعل مظاہرین کنٹرول سے باہر

قصور جل اٹھا، مشتعل مظاہرین کنٹرول سے باہر

اسلام آباد(ملت آن لائن)قصور میں مشتعل مظاہرین ن لیگ کے ایم پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے میں گھس گئے، آگ لگا دی۔ 7سالہ زینب کے قتل پر قصور میں آج بھی ہڑتال ہے اور مشتعل مظاہرین اس وقت سڑکوں پر موجود ہیں۔ مشتعل مظاہرین نے صبح کے وقت سول ہسپتال کا گھیرائو کر کے وہاں توڑ پھوڑ کی جب کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہسپتال چھوڑ کر چلا گیا ہے اور مریضوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ مشتعل مظاہرین کی سول ہسپتال کے بعد قصور کالج گرائونڈ میں جمعہونے کی اطلاعات میڈیا پر اس کے بعد سامنے آئیں اور اب بتایا جا رہا ہے کہ مشتعل مظاہرین قصور میں واقع ن لیگ کے ایم پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے میں زبردستی داخل ہو گئے ہیں اور وہاں پڑی کرسیوں کو آگ لگا دی ہے۔ قصور کے حالات آج دوسرے روز بھی انتہائی کشیدہ ہیں جب کچھ دیر قبل ہی گزشتہ روز پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے احتجاج کرتے دو افراد کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی ہے ۔ ان افراد کی تدفین کے کچھ ہی دیر بعد ن لیگ کے ایم پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے پر دھاوا بولا گیا ہے۔لیس اور پنجاب حکومت کے روئیے کے خلاف شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ لاہور، کراچی، گوجرانوالہ ، سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین اور احتجاج کرنے والے افراد زینب کے قاتل کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ قصور میں بھی حالات کشیدہ ہیں۔ صبح سویرے مشتعل مظاہرین نے سول ہسپتال پر دھاوا بولتے ہوئے ہسپتال کے شیشے توڑ دئیے اور سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا ۔ مشتعل مظاہرین نے سول ہسپتال کے سامنے پارک کو بھی گھیرے میں لئے رکھا۔ اب مظاہرین قصور کالج گرائونڈ میں جمع ہو رہے ہیں اور ایک بڑی تعداد گرائونڈ میں جمع ہو چکی ہے ۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے زینب کے قاتل کی گرفتاری یا نشاندہی کرنے والے شخص کو ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے اور گزشتہ روز جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 30، 30لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ سول ہسپتال قصور پر مشتعل مظاہرین کے دھاوے کے بعد ڈاکٹرز اور طبی عملے نے ہسپتال چھوڑ دیا ہے جبکہ مریضوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے دوسرے مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔