خبرنامہ پاکستان

قوال امجد فرید صابری کےغم میں ہرآنکھ پرنم

کراچی: (آئی این پی) امجد صابری دنیائے فانی سے کوچ کرگئے ، تدفین کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ۔ چھوٹی بہن صائمہ جنوبی افریقہ اور بڑے بھائی ثروت صابری لندن سے کراچی پہنچ گئے ہیں ۔ امجد صابری کی نماز جنازہ آج ایک بجے لیاقت آباد نمبر چار میں جبکہ تدفین پاپوش نگر قبرستان میں کی جائے گی ۔ تاجدار حرم سے بھیک مانگنے والے کی دعا قبول ہوئی ، دنیائے قوالی کے درخشندہ ستارے امجد صابری کے سفر آخرت کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں ، پاپوش نگر قبرستان میں قبر کی کھدائی مکمل کر لی گئی ہے ۔ امجد صابری کو ان کے والد اور چچا کے پہلو میں دفن کیا جائے گا ۔ تدفین میں شرکت کے لئے چھوٹی بہن صائمہ صابری ساؤتھ افریقا اور بڑے بھائی ثروت صابری لندن سے پہنچ گئے ہیں ۔ گھر پہنچنے پر غم سے نڈھال بہن اور بھائی دیگر عزیز اقارب سے گلے مل کر روتے رہے ۔ آہوں سسکیوں کے ساتھ ہر شخص غم کی تصویر بنا اپنے اپنے انداز میں امجد صابری کو خراج عقیدت پیش کر رہا ہے ۔ مرحوم امجد صابری کے گھر کے اطراف میں بازار اور مارکیٹ بند ہے ۔ علاقے میں سیاہ پرچم لہرائے جا رہے ہیں اور امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبے پر مبنی بینر بھی آویزاں کئے گئے ہیں ۔ امجد صابری گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے ۔