خبرنامہ پاکستان

قوام متحدہ کا امن مشن مقاصد حاصل نہیں کر سکا‘ تنازعات سے بچائو کو ترجیح دی جائے: پاکستان

اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے جنگ سے متاثرہ ممالک میں قیام امن کی کوششوں کو تیز کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے 31 رکنی پیس بلڈنگ کمشن کو مالیاتی لحاظ سے زیادہ مستحکم بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں ’’پوسٹ کنفلکٹ پیس بلڈنگ ریویو آف پیس بلڈنگ آرکیٹکچر‘‘ کے موضوع پر مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہم سب کے مفاد میں ہے اور اس عمل کو ترجیح دینے میں ناکامی مزید تنازعات اور افراتفری کو جنم دیتی ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ کسی بھی تنازع کو دوبارہ سر اٹھانے سے روکنے کے لئے اس کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینا بے حد ضروری ہے لیکن اس مقصد کے حصول کے لئے طویل المعیاد کمٹمنٹ اور فنڈز کی وافر مقدار میں اور حقیقتاً فراہمی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا 31 رکنی پیس بلڈنگ کمشن اپنے مقاصد پورے نہیں کرسکا۔ بین الاقوامی برادری کو تنازعات سے بچائو کو ترجیح دینا چاہئے ، پائیدار امن کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے۔جنگ سے متاثرہ ممالک امن و سلامتی کے راستے پر چلنے کے خواہاں ہیں اس لئے پیس بلڈنگ کمشن جیسے اداروں کی طرف سے ان ممالک کی بھرپور مدد کی جانی چاہئے۔