خبرنامہ پاکستان

قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے عدالتی سمن کی تعمیل کرا دی

قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے عدالتی سمن کی تعمیل کرا دی

اسلام آباد: (ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو ٹیم نے پنجاب ہاؤس میں نواز شریف سے عدالتی سمن کی تعمیل کرا دی۔ نیب ذرائع کے مطابق نواز شریف نے عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کرا دی۔ وفاقی وزیر طارق فضل نے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے۔ یہ خبر بھی پڑھیں:نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری واضح رہے عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنسز میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، جبکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے ضامن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 نومبر کو طلب کیا تھا۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا پنجاب ہاؤس آمد پر وفاقی وزراء‘ ڈپٹی سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر سینئر رہنماؤں نے زبردست خیر مقدم کیا اور اوران کی گاڑی پر گل پاشی کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف ایئرپورٹ سے سیدھا پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں پہلے سے موجود سینئر رہنماؤں ‘ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی‘ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری‘ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا اوران کی گاڑی پر گل پاشی کی۔ اس دوران پنجاب ہاؤس میں ایک مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں نیب عدالت میں ریفرنسز اور موجودہ تازہ ترین سیاسی صورتحال تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس دوران نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنے خلاف مقدمات کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش ہونے اور حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے سینئر رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ مزید مشاورت (آج) جمعہ کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کے بعد ہوگی۔