خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی، اراکین کا نجی سکولوں کے مالکان کی طرف سے بچوں کی فیسوں میں بے تحاشا اضافے پر شدید احتجاج

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان نے نجی سکولوں کے مالکان کی طرف سے بچوں کی فیسوں میں بے تحاشا اضافے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نجی سکولوں کو کسی قاعدے قانون کے تحت لانے کے لئے اقدامات کرے اور زائد فیس وصول کرنے والے نجی سکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جمعرات کو ایوان میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے (ن) لیگی رکن شاہین شفیق نے کہا کہ نجی سکول شتر بے مہار بن چکے ہیں ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں رہا۔ تعلیم کو کاروبار بنا کر رکھ دیا ہے۔ حکومت بچوں کی فیسیوں کے معاملے پر کوئی ضابط اخلاق بنائے بلکہ باقاعدن قانون سازی ضروری ہے۔ پی پی پی کی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ ایک ایک بچے کے لئے 25 ہزار فیس وصول کی جا رہی ہے۔ اگر کسی کے چار بچے ہیں تو وہ ایک لاکھ روپے کس طرح فیس ادا کرے گا۔ اگر یہی صورتحال رہی تو بچوں کی تعلیم بہت مشکل ہو جائے گی کیونکہ سرکاری اداروں میں معیار اور گنجائش کی کمی ہے جبکہ نجی سکولوں نے والدین کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ ۔۔۔(رانا228ع ع)