خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی، محمود خان اچکزئی نے انوکھا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: (ملت+ آئی این پی)قومی اسمبلی میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خواجہ سراؤں کیلئے ایوان میں ایک نشست مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں خواجہ سرا پر تشدد سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ،ملک بھر میں خواجہ سراؤں پر تشدد کیا جاتا ہے،خواجہ سراء بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے پختونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ گذشتہ دنوں پشاور میں ایک خواجہ سرا کو صرف اس وجہ سے گولی مار کر قتل کردیا گیا کہ اس نے بات نہ مانی اسی طرح گذشتہ دنوں سیالکوٹ میں خواجہ سراء پر تشدد کیا گیا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سرا بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں،ہمیں ان کو عزت دینی چاہیے،میری ایک تجویز ہے کہ اس ایوان میں کم از کم ایک نشست خواجہ سراؤں کیلئے مختص کی جائے تاکہ ان کا ایک نمائند ہ بھی اس ایوان میں موجود ہو۔(خ م+رڈ)