خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی ، جے یو آئی اور فاٹا کے بعض ارکان کا مردم شماری پر تحفظات پر علامتی واک آؤٹ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام (ف) اور فاٹا کے بعض ارکان نے مردم شماری پر تحفظات کے اظہار کے بعد علامتی واک آؤٹ کیا، ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی ہدایت پر پارلیمانی سیکر ٹری رانا محمد افضال خان ناراض ارکان کو ایوان میں واپس لائے اور انکو یقین دہانی کرائی کے انکے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں جے یو آئی (ف)کے محمد جمال الدین نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر ہماری بات سنی نہیں جارہی۔گزشتہ روز سپیکر ایاز صادق سے بھی مردم شماری پر تحفظات کے حوالے سے ملاقات کی سپیکر ایاز صادق کی ہدایت پر چیف شماریات سے ملاقات کی مگر انہوں نے ہماری سفارشات ماننے سے انکا ر کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 300 گھرانے نقل مکانی کی وجہ سے افغانستان میں ہیں، ہماری مردم شماری کس طرح ہوگی۔ ہماری بات ایوان میں نہیں سنی جارہی۔ اس پر ہم ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی ہدایت پر پارلیمانی سیکر ٹری رانا محمد افضال خان ناراض ارکان کو ایوان میں واپس لائے اور انکو یقین دہانی کرائی کے انکے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔ (رڈ)