خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی ، وزیر اعظم ،وزراء اعلیٰ اوروزراء سمیت کسی کا حج کوٹہ مختص نہیں،حکومت

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم ،وزراء اعلیٰ اوروزراء سمیت کسی کا بھی حج کوٹہ مختص نہیں،ایک بار حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کو 5سال تک کیلئے درخواست نہ دینے کی پالیسی بنا رہے ہیں، موسم گرما سے پہلے اپریل تک بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے،31دسمبر2018تک نیشنل گرڈ میں مزید 10996میگا واٹ بجلی شامل کر دیا جائے گی۔ 2017ء میں 18 منصوبوں کی تکمیل ہوگی جن سے 7400 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 26 منصوبے 2018ء کے آخر تک مکمل ہونگے ‘ وزیر اعظم ہیلتھ پروگرام کا حجم وقت کے ساتھ ساتھ مزید بڑھائیں گے،ملک میں8133ایڈز کے مریضوں کا علاج جاری ہے، ملک میں خشک دودھ کی درآمد روکنے کیلئے اسکی ڈیوٹی میں اضافہ کرنے کی تجاویز وزارت خزانہ کو بھیجی ہیں،ملک میں فرقہ واریت کی روک تھام اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لئے علماء و مشائخ کی قومی کونسل قائم کی گئی ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں ارکان کے سوالوں کے جواب وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی،پیر امین الحسنات،پارلیمانی سیکر ٹری ڈاکٹر درشن اور رجب علی بلوچ نے دئیے۔رکن ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کے سوال کے جواب میں وزارت صحت نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کیلئے8.18ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔مارچ 2017 تک کل ایک ہزار کے قریب خاندانوں کا وزیر اعظم قومی صحت پروگرام میں اندراج کیا گیا جبکہ 15681افراد کا ہسپتالوں میں علاج کیا جلا چکا ہے۔رکن ڈاکٹر شازیہ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں قومی گرڈ میں بجلی کی گنجائش 22 ہزار 601 میگاواٹ ہے، 2008ء سے 2016ء تک ایک لاکھ 3 ہزار 968 میگا واٹ فی گھنٹہ رہی۔ ملک میں شہری علاقوں میں 3گھنٹے اور دیہی علاقوں میں4سے 5گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے،جن علاقوں میں لائن لاسز اور ریکوری کم ہے وہاں18سے19گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کو کم نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ پیسکوکے190فیڈرز ایسے ہیں جہاں لائن لائسز85فیصد ہیں جبکہ 340فیڈرز ایسے ہیں جہاں زیرہ لوڈ شیڈنگ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موسم گرما سے پہلے اپریل تک بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ خیبر پختونخوا حکومت اگر اراضی فراہم کرتی تو نئے گرڈ سٹیشنوں کی وجہ سے کم لوڈ کا مسئلہ حل ہو چکا ہوتا‘ بجلی کے بقایا جات جن کے ذمہ ہیں وہ ادا کریں تو ان کو میٹر کی سہولت فراہم کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری میں ملوث لوگوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا اور بنیادی ڈھا نچے کو تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی وجہ سے ہماری استعداد بڑھی ہے، تمام ڈسکوز کو اہداف دیئے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ اپریل تک تمام حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ رکن ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت ملک بھر میں مستحق افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے ‘ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حجم وقت کے ساتھ ساتھ مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت بلوچستان کے چار اضلاع میں صحت کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں اور وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ اس کو پورے پاکستان تک پھیلایا جائے گا۔رکن پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے کہا کہ اس وقت ملک میں8133ایڈز کے مریضوں کا علاج جاری ہے،2011کے ایک سروے کے مطابق ملک میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد17ہزار تھی،ایڈز کے مریضوں کی تعداد کا تعین کرنے کیلئے سروے جاری ہے۔رکن شیخ رشید کے سوال کے جواب میں وزارت صنعت نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ اس وقت ملک میں گاڑیاں تیار کر نے والی کمپنیوں کی تعداد16ہے جبکہ ملک میں4کمپنیاں ٹریکٹرز تیار کر رہی ہیں رکن شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکر ٹری رجب علی بلوچ نے کہا کہ ملک میں خشک دودھ کی درآمد روکنے کیلئے اسکی ڈیوٹی میں اضافہ کرنے کی تجاویز وزارت خزانہ کو بھیجی ہیں امید ہے کہ ملک میں خشک دودھ کی درآمد میں کمی لانے کیلئے اسکی ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فارمرز کو دودھ کی مناسب قیمت نہیں دی جارہی۔رکن مسرت رفیق مہیسرکے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ رواں سال عازمین حج کو مزید سہولیات دیں گے، ایک بار حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کو پانچ سال تک کے لئے درخواست نہ دینے کی پالیسی بنا رہے ہیں۔ 2017ء کا حج مزید بہتر ہوگا۔ حرم کی توسیع کی وجہ سے حج کے لئے 20 فیصد کوٹہ بحال کردیا گیا ہے، یہ کوٹہ سرکاری طور پر استعمال ہوگا اور زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم ،وزراء اعلیٰ،وزراء سمیت حج میں کسی کا کوٹہ نہیں ہے، ہارڈ شپ کوٹہ کے تحت جو آتا ہے دیتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کی روک تھام اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لئے علماء و مشائخ کی قومی کونسل قائم کی گئی ہے‘ کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد جاری ہے‘ مدارس کے نصاب پر نظرثانی کی گئی ہے۔ ، جنونی رویوں اور تعصبات کی روک تھام کے لئے سفارشات کا جائزہ لینا علماء ‘ سکالر اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ پریس کے لئے ضابطہ اخلاق اور فرقہ وارانہ بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو ممکنہ خطرات سے بچنے کے لئے تجاویز دینا کونسل کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ رکن شازیہ مری کے سوال کے جواب میں وزارت صحت نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ 11ماڈل اضلاع میں تمباکو نوشی نہ کرنے والوں کی صحت کے تحفظ کیلئے آرڈیننس 2002کے تحت 1396کیسز رجسٹر کئے گئے۔ رکن خالدہ منسور کے سوال کے جواب میں وزارت پانی و بجلی نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ 31دسمبر2018تک نیشنل گرڈ میں مزید 10996میگا واٹ بجلی شامل کر دیا جائے گی۔ 2017ء میں 18 منصوبوں کی تکمیل ہوگی جن سے 7400 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 26 منصوبے 2018ء کے آخر تک مکمل ہونگے۔رکن ثریا اصغر کے سوال کے جواب میں وزارت ہاؤسنگ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی سکیموں میں دھوکہ دہی سے پلاٹوں کی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم مارکیٹ میں کسی پلاٹ کی فروخت یا خریداری فاؤنڈیشن کے دائرہ کار میں نہیں آتی۔(رڈ)