خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی اجلاس، اپوزیشن جماعتوں کا احتجاجا واک آؤٹ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) اپوزیشن جماعتیں منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزراء کی عدم موجودگی کے خلاف احتجاجا واک آؤٹ کر گئیں جبکہ خواتین اراکین نے بولنے کا مساوی موقع نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان کی کاروائی کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ہے ۔ایوان میں پی ٹی وی کی کارکردگی اور پنشن کی ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل بنانے کے اقدامات کے لئے دو الگ الگ قراردادیں بھی منظور کر لی گئی ہیں جبکہ پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات محسن رانجھا نے آگاہ کیا ہے کہ پی ٹی وی کے ڈائریکٹر کرنٹ افئیر الزامات کے حوالے سے تاحال معطل ہیں۔ اپوزیشن نے پارلیمانی سیکرٹری کی اس انفارمیشن کو چیلنج کر دیا ہے ۔ منگل کے روز ایوان میں پیپلز پارٹی کے چیف وہپ اعجاز جاکھرانی نے نکتہ اعتراض پر وزراء کی عدم موجودگی کا معاملہ اٹھایا ۔ اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا ۔ فاضل رہنماء نے کہا کہ پارلیمنٹ کو مذاق بنا لیا گیا ہے ہم قوم کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں اگر کابینہ کا اجلاس صبح تھا تو قومی اسمبلی کا اجلا س شام میں ہونا چاہیے تھا یا پھر کابینہ کواجلاس کا وقت تبدیل کرناچاہیے تھا ۔ وزیراعظم ایوان میں آتے ہیں نہ وزراء تمام پہلی نشستیں مکمل طور پر خالی پڑی ہیں۔انہوں نے واک آؤٹ کا اعلان کیا جس پر پیپلز پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین احتجاجا واک آؤٹ کر گئے۔ گزشتہ روز ایوان میں کابینہ کی نمائندگی کے لئے واحد وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد موجود تھے اور وہ اپوزیشن اراکین کو منا کر ایوان میں لے آئے ۔ نکتہ اعتراض پر تحریک انصاف کی عائشہ گل لالۂ نے خواتین اراکین کو ترقیاتی فنڈز اور ایوان میں بولنے کا مساوی موقع نہ ملنے کا معاملہ اٹھایا اور دھمکی دی کہ ہم تمام اپوزیشن خواتین نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کشمیر اور سارے پاکستان کے لئے انصاف کی بات چیت کی جاتی ہے اور پارلیمنٹ میں خواتین اراکین انصاف سے محروم ہیں۔ قبل ازیں ایوان میں طاہرہ بخاری کی پی ٹی وی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے حکومتی اقدمات سے متعلق قرارداد کو منظور کر لیا گیا ۔ بحث کو سمیٹتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محسن را نجھا نے کہا کہ پی ٹی وی کو جدید آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔ پروگرامات میں بہتری لائی گئی ہے۔ سٹوڈیوز کو بہتر بنایا گیا ہے اور جدید کیمرے خریدے گئے ہیں۔ شازیہ مری ایوان میں بار بار خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث پی ٹی وی کے افسر کے خلاف کاروائی نہ ہونے پر احتجاج کرتی رہیں اور کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری کی اطلاعات درست نہیں ہیں ۔ افسر کے خلاف کاروائی نہیں ہوئی محسن رانجھا نے کہا کہ ڈائریکٹر کرنٹ افئیر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور وہ تاحال معطل ہیں۔ تحقیقات ابھی تک جاری ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ یہ اپنی انفامیشن چیک کر لیں صورت حال اس کے برعکس ہے۔ ایوان میں جماعت اسلامی کے شیر اکبر ایڈووکیٹ کی اس قرارداد کہ حکومت پنشن کی ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل بنانے کے لئے اقدمات کرے کو بھی منظور کر لیا گیا ۔ قرارداد پر بحث سمیٹتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضل خان نے کہا کہ ایزی پیسے کے ذریعے پنشن کی ادائیگی کے طریقہ کار کا بھی حکومت جائزہ لے گی ۔ انتہائی اہم تجویز ہے الیکٹرانک سسٹم کے تحت پنشن کی منتقلی سے نئی سہولت دستیاب ہوگی انہوں نے بتایا کہ پنشنرز کو ان کی جانب سے نشان دہی کردہ بنکوں اور سیونگ کے مراکز میں پنشن منتقل کی جاتی ہے۔ حاضر سروس ملازمین کی طرح پنشنر ز بھی اے ٹی ایم کارڈ لے سکتے ہیں ۔