خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی اجلاس: پی ٹی آئی ارکان کی ہنگامہ آرائی

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں بجٹ 2016-17 پر بحث کے دوران (ن) لیگ کے چوہدری حامد حمید کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے ہنگامہ آرائی اور (ن) لیگی رکن کی تقریر روکنے کا مطالبہ کیا‘ ڈپٹی سپیکر نے شور شرابے کے باوجود خطاب جاری رکھنے کی ہدایت کی تو پی ٹی آئی رکن عاقب خان نے کورم کی نشاندہی کردی کورم پورا نہ نکلنے پر اجلاس پیر کی شام تک ملتوی کردیا گیا۔ ہفتہ کو حامد حمید کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ پر ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے آف شور بیٹی نکلنے کے الزام پر پی ٹی آئی کے انجینئر حامد الحق‘ عاقب خان ‘ مراد سعید اور د یگر ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور شور شرابہ شروع کردیا اور حامد حمید پر آوازے کسے‘ انجینئر حامد الحق نے چوہدری حامد حمید کو داڑھی کے طعنے دیئے اور کہا کہ داڑھی رکھ کر بکواس کررہا ہے۔ ایک دوسرے نے کہا کہ ’’داڑھی دیکھو اور کرتوت دیکھو‘‘ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی پی ٹی آئی کے ارکان کو ہنگامہ آرائی کرنے سے روکتے رہے اور شیریں مزاری کو کہا کہ آپ کے ارکان اپنی باری آنے پر جواب دیں مگر شور شرابہ نہ کریں لیکن پی ٹی آئی ارکان نے شور شرابا جاری رکھا۔ ڈپٹی سپیکر نے حامد حمید کو خطاب جاری رکھنے کا کہا تو پی ٹی آئی کے عاقب خان نے کورم کی نشاندہی کردی کورم پورا نہ نکلنے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس پیر کی شام تک ملتوی کردی۔ (ن غ/ ع ع)