خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی خالی مگربجٹ اجلاس جاری

اسلام آباد: (آئی این پی) 342 ارکان کا ایوان تو خالی ہے مگر قومی اسمبلی کا اجلاس پھر بھی جاری ہے۔ خالی ایوان کو بھرا دکھانے کے لئے چار لیگی رہنماؤں نے نیا فارمولا نکال لیا۔ دن کا خرچہ 10 لاکھ لیکن اجلاس کے دوران آخر میں بندے رہ گئے صرف آٹھ۔ لیگی رہنماؤں کو نئی ترکیب سوجھی اور میڈیا کی آنکھ میں دھول جھونکنے کے لئے، جو بھی رکن بولتا چاروں اراکین اپنا بوریا بستر اٹھاتے اور اس کے آگے پیچھے آ کے بیٹھ جاتے۔ پارلیمانی سیکریٹری محسن شاہنواز رانجھا تو اسپائیڈر مین بنے رہے، جو بولے وہاں حاضر، دیکھنے والے اپنے منتخب نمائندوں کی اس حرکت پر شرم کے مارے پانی پانی ہو گئے مگر لیگی رہنماء مسکراتے رہے۔ نوبت یہاں تک آ گئی کہ ن لیگ کے رکن ڈاکٹر نثار نے احتجاجاً تقریر ہی پھاڑ دی اور چل دیئے۔ اور تو اور ہر روز کورم کی نشاندہی کرنے والی اپوزیشن کا بھی کوئی رکن اجلاس میں موجود نہ تھا۔ بلآخر لیگی رکن شیزا خواجہ نے خالی ایوان میں تقریر سے انکار کیا تو ڈپٹی اسپیکر کو مجبوراً اجلاس ملتوی کرنا ہی پڑا۔